عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے حال ہی میں جے شیٹی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری (بالی ووڈ) چھوڑ کر ہالی ووڈ منتقل ہونے کی اصل وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک وقت ایسا آیا تھا جب انہیں بالی ووڈ میں ‘دیوار سے لگا دیا گیا تھا۔
جے شیٹی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پریانکا نے بتایا کہ فلم انڈسٹری میں بقا کی جنگ بہت مشکل ہے کیونکہ یہاں بہت زیادہ سیاست اور گروہ بندی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا انہیں محسوس ہو رہا تھا کہ ان کے پاس کام محدود کیا جا رہا ہے اور انہیں وہ مقام نہیں مل رہا جس کی وہ خواہش مند تھیں، اداکارہ نے انکشاف کیا کہ اپنی ذہنی، جسمانی اور جذباتی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے ان کے لیے وہاں سے نکلنا ناگزیر ہو گیا تھا۔
انہوں نے کہا مجھے لگ رہا تھا کہ میں ڈوب رہی ہوں، اور ہالی ووڈ سے ملنے والی پیشکش میرے لیے ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی طرح تھی جس نے مجھے باہر نکالا۔
انہوں نے بتایا کہ 2012-2013 میں جب انہوں نے بطور گلوکارہ کام شروع کیا تو وہ ان کے لیے ایک نئی سمت تھی۔ اس کے بعد 2015 میں کوانٹیکو سیریز ان کے کیریئر کا بڑا موڑ ثابت ہوئی۔
پریانکا نے مزید کہا کہ بالی ووڈ میں وہ کام تو اچھا کر رہی تھیں لیکن انہیں اپنا مستقبل وہاں نظر نہیں آ رہا تھا، اسی لیے انہوں نے ہالی ووڈ جانے کا مشکل فیصلہ کیا۔ آج کل پریانکا اپنی نئی فلم دی بلف کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں وہ ایک منفرد ایکشن روپ میں نظر آئیں گی۔
Comments
No comments yet
Be the first to share your thoughts